شعبان کے دنوں کو یاد رکھو
حضرت ابوہریرہ ؓ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ رمضان کے لئے شعبان کا مہینہ شمار کرو۔ (ترمذی)
تشریح
مطلب یہ ہے کہ ماہ شعبان کے دنوں کو گنتے رہو اور انہیں یاد رکھو تاکہ رمضان کی آمد کا علم رہے۔ آنحضرت ﷺ شعبان کے پورے مہینے میں روزے رکھتے تھے ام المومنین حضرت ام سلمہ ؓ فرماتی ہیں کہ میں نے نبی کریم ﷺ کو صرف دو مہینوں یعنی شعبان اور رمضان میں متواتر روزے رکھتے تھے دیکھا ہے۔ (ابو داؤد، ترمذی، نسائی، ابن ماجہ) تشریح یعنی نبی کریم ﷺ جس طرح رمضان کے پورے مہینے میں روزے رکھا کرتے تھے۔ ایسے ہی شعبان کے پورے مہینے میں بھی روزے سے رہتے تھے اس حدیث کی مفصل وضاحت انشاء اللہ باب صیام التطوع میں مذکور ہوگی۔