مشکوٰۃ المصابیح - صدقہ کی فضیلت کا بیان - حدیث نمبر 1900
وعن ابن عمر وأبي هريرة قالا : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : عذبت امرأة في هرة أمسكتها حتى ماتت من الجوع فلم تكن تطعمها ولا ترسلها فتأكل من خشاش الأرض
جانوروں کے ساتھ بے رحمی باعث گناہ ہے
حضرت ابن عمر ؓ اور حضرت ابوہریرہ ؓ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ ایک عورت کو محض اس لئے عذاب میں مبتلا کیا گیا کہ اس نے ایک بلی کو باندھے رکھا یہاں تک کہ وہ بھوک کی وجہ سے مرگئی وہ عورت نہ تو اس بلی کو کچھ کھلاتی تھی اور نہ ہی اسے چھوڑتی تھی کہ وہ زمین کے جانوروں میں سے کچھ (یعنی چوہا وغیرہ) کھاتی۔ (بخاری ومسلم)

تشریح
اس حدیث سے جہاں یہ بات معلوم ہوئی کہ جانوروں کے ساتھ بدسلوکی و بےرحمی کا معاملہ کرنا اللہ کے عذاب میں اپنے آپ کو گرفتار کرنا ہے وہیں یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ صغیرہ گناہ پر بھی عذاب ہوسکتا ہے اس عورت کا یہ فعل ظاہر ہے کہ صغیرہ گناہ ہی تھا چناچہ عقائد کا یہ ایک مسئلہ ہے کہ صغیرہ گناہ پر عذاب ہونا خلاف امکان نہیں ہے۔
Top