مسلمان میت کو بوسہ دینا جائز ہے
حضرت عائشہ ؓ فرماتی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے حضرت عثمان بن مظعون کی وفات کے بعد ان کو بوسہ دیا اور ان کی مٹی پر روئے یہاں تک کہ آپ ﷺ کے آنسو حضرت عثمان کے چہرے پر (ٹپک کر) بہہ نکلے۔ (ترمذی، ابوداؤد، ابن ماجہ)
تشریح
مہاجرین میں سے حضرت عثمان بن مظعون ؓ ہی کا سب سے پہلے انتقال مدینہ میں ہوا ہے چناچہ سب سے پہلے یہی بقیع میں دفن کئے گئے جس کے بعد بقیع کو قبرستان کی حیثیت دی گئی آنحضرت ﷺ نے اپنے دست مبارک سے پتھر اٹھا کر ان کی قبر پر بطور نشان کے رکھا۔ ؓ۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مسلمان میت کو دفن کرنے سے پہلے بوسا دینا اور مسلمان میت پر آنسوؤں کے ساتھ رونا جائز ہے۔