مشکوٰۃ المصابیح - قریب المرگ کے سامنے جو چیز پڑھی جاتی ہے اس کا بیان - حدیث نمبر 1597
عن معاذ بن جبل قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : من كان آخر كلامه لا إله إلا الله دخل الجنة رواه أبو داود
آخری کلام کلمہ طیبہ دخول جنت کی ضمانت
حضرت معاذ بن جبل ؓ راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ جس شخص کا آخری کلام الا الہ الا اللہ ہوگا وہ جنت میں داخل ہوگا۔ ( ابوداؤد )

تشریح
مراد یہ ہے کہ جو شخص آخری وقت میں پورا کلمہ طیب لاالہ الا اللہ محمد رسول اللہ پڑھے گا وہ جنت میں داخل ہوگا اب یہ احتمال ہے کہ چاہے تو یہ دخول جنت عذاب سے پہلے دخول خاص ہے یا اپنے گناہوں کے بقدر عذاب دیئے جانے کے بعد ہو۔ لیکن پہلا ہی احتمال صحیح معلوم ہوتا ہے تاکہ ان مومنین میں جو کلمہ طیب پڑھتے ہوئے اپنی جان، جان آفرین کے سپرد کریں اور ان مومنین میں کہ جن کا آخری کلام کلمہ طیب نہ ہو امتیاز پیدا ہوجائے۔
Top