مشکوٰۃ المصابیح - آداب سفر کا بیان - حدیث نمبر 3823
وعن جابر قال : كنت مع النبي صلى الله عليه و سلم في سفر فلما قدمنا المدينة قال لي : ادخل المسجد فصل فيه ركعتين . رواه البخاري
سفر واپس آنے پر پہلے مسجد میں جانے کا حکم
اور حضرت جابر کہتے ہیں کہ میں ( ایک) سفر میں نبی کریم ﷺ کے ہمراہ تھا، چناچہ جب ہم مدینہ واپس آئے تو آپ ﷺ نے مجھ سے فرمایا کہ مسجد میں جاؤ اور وہاں دو رکعت نماز پڑھو۔ ( بخاری)

تشریح
مذکورہ بالا دونوں حدیثوں کے پیش نظر مسافر کا سفر سے واپس آنے پر پہلے مسجد میں جانا آنحضرت ﷺ سے فعلًا بھی ثابت ہوا اور قولًا بھی نیز مذکورہ بالا حکم میں نہ صرف شعائر اللہ کی تعظیم کی طرف اشارہ ہے بلکہ اس طرف بھی اشارہ ہے کہ مسجد گویا اللہ کے گھروں میں سے ایک گھر ہے اور مسجد میں جانے والا گویا اللہ سبحانہ سے ملاقات کرنے والا ہے لہٰذا جو شخص سفر سے واپس آئے اس کے حق میں اس سے بہتر اور کیا بات ہوسکتی ہے۔ کہ وہ سب سے پہلے اللہ کے گھر میں جائے اور اللہ سے ملاقات کرے جس نے اس کو سفر کی آفات سے محفوظ رکھ کر بعافیت اس کے اہل عیال کے درمیان واپس پہنچایا۔
Top