مشکوٰۃ المصابیح - آداب سفر کا بیان - حدیث نمبر 3813
وعنه أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : الجرس مزامير الشيطان . رواه مسلم
گھنگرو اور گھنٹیاں شیطانی باجہ ہیں۔
اور حضرت ابوہریرہ ؓ روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ جرس ( یعنی گھنگرو اور گھنٹی) مزامیر شیطان ( یعنی شیطانی باجہ) ہے۔ (مسلم)

تشریح
مزامیر دراصل مزمار کی جمع ہے اور مزمار بانسری کو کہتے ہیں جو بجائی جاتی ہے، نیز زمر اور تزمیر بانسری کے ساتھ گانے کو کہتے ہیں۔ مزامیر بلفظ جمع اس لئے فرمایا گیا ہے کہ اس کی آواز میں اس طرح کا تسلسل ہوتا ہے کہ وہ منقطع نہیں ہوتی گویا اس آواز کی ہر لے اور ہر سلسلہ ایک مزمار ہے۔ نیز جرس کو مزامیر شیطان اس وجہ سے فرمایا گیا ہے کہ وہ انسان کو ذکر واستغراق اور مشغولیت عبادت سے باز رکھتا ہے۔
Top