مشکوٰۃ المصابیح - امارت وقضا کا بیان - حدیث نمبر 3627
وعن أبي هريرة قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : تجدون من خير الناس أشدهم كراهية لهذا الأمر حتى يقع فيه
حکومت وامارت سے انکار کرنے والا بہترین شخص ہے
اور حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا لوگوں میں بہتر تم اس شخص کو پاؤ گے جو اس چیز (یعنی حکومت وسیادت) کو ناپسند کرنے کے معاملہ میں سب سے زیادہ سخت ہو یہاں تک کہ وہ اس میں مبتلا ہوجائے۔ (بخاری ومسلم )

تشریح
مطلب یہ ہے کہ جو شخص حکومت وسیادت کے منصب و اختیارات کو قبول کرنا سخت ناپسند کرے اس کو لوگوں میں بہترین شخص جانو یہاں تک کہ وہ اگر کسی وجہ سے اس منصب کو قبول کر بیٹھا تو اس کو بھی آخر کار وہی ندامت وپشیمانی ہوگی جو اس منصب کا آخری انجام ہے۔ طیبی نے یہ مطلب بیان کیا ہے کہ ایسے شخص کو جو حکومت وسیادت سے سخت متنفر ہو) تو ایک بہترین شخص پاؤ گے یہاں تک کہ اگر وہ اپنی اس نفرت پر قائم نہ رہ سکا اور حکومت وسیادت کی طلب میں مبتلا ہوگیا تو اس وقت وہ لوگوں میں کا بہترین بلکہ بدترین شخص ہوگا۔
Top