مشکوٰۃ المصابیح - شراب کی حقیقت اور شراب پینے والے کے بارے میں وعید کا بیان - حدیث نمبر 3593
وعن عائشة قالت : سئل رسول الله صلى الله عليه و سلم عن البتع وهو نبيذ العسل فقال : كل شراب أسكر فهو حرام
ہرنشہ آور مشروب حرام ہے
اور حضرت عائشہ کہتی ہیں کہ رسول کریم ﷺ سے بتع یعنی شہد کی نبیذ کے بارے میں پوچھا گیا (کہ آیا اس کا پینا جائز ہے یا نہیں؟ ) تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ وہ مشروب جو نشہ لائے، حرام ہے۔ ( بخاری ومسلم)

تشریح
اس حدیث میں تو بتع کو با کے زیر اور تا کے جزم کے ساتھ یعنی بتع نقل کیا گیا ہے جب کہ یہ بعض جگہ تا کے زیر کے ساتھ منقول ہے شہد کی نبیذ اس شہد کو کہتے ہیں جس کو کسی برتن میں ڈال کر رکھ چھوڑا جائے تاکہ کھجور کی نبیذ کی طرح اس میں ایک خاص قسم کی تیزی پیدا ہوجائے، چناچہ اس کے بارے میں آنحضرت ﷺ نے فرمایا کہ اگر شہد کی نبیذ بھی نشہ لائے تو وہ بھی حرام ہے اور تمر کی نبیذ کا بھی یہی حکم ہے کہا جاتا ہے کہ اہل یمن کی شراب یہی بتع ہوتی ہے۔
Top