مشکوٰۃ المصابیح - منسوبہ کو دیکھنے اور جن اعضا کو چھپانا واجب ہے ان کا بیان - حدیث نمبر 3131
وعن ابن مسعود رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : لا تباشر المرأة المرأة فتنعتها لزوجها كأنه ينظر إليها
کسی عورت کے جسم کا حال اپنے شوہر سے بیان نہ کرو
اور حضرت ابن مسعود کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا کوئی عورت اپنا برہنہ جسم کسی دوسری عورت کے برہنہ جسم سے نہ لگائے اور نہ اس عورت کے جسم کا حال اپنے خاوند کے سامنے بیان کرے ( کیونکہ اپنے خاوند کے سامنے کسی اجنبی عورت کے جسم کا حال بیان کرنا ایسا ہی ہے) جیسا کہ اس کا خاوند اس عورت کے جسم کو خود دیکھ رہا ہو ( بخاری ومسلم)

تشریح
کسی عورت کا اپنے جسم کو برہنہ کر کے کسی دوسری عورت کے برہنہ جسم سے مس کرنا اور پھر اس عورت کے جسم کی خصوصیات یعنی گداز پن وغیرہ اپنے شوہر کے سامنے بیان کرنا انتہائی معیوب بات ہے چناچہ آپ ﷺ نے اس سے عورتوں کو منع کیا ہے کیونکہ یہ نہ صرف بےشرمی کی بات اور غیر اخلاقی حرکت ہے بلکہ اس سے یہ بھی خطرہ ہے کہ اس کا خاوند کسی اجنبی عورت کے جسم کی پرکشش خصوصیات سن کر نفسانی ہیجان اور گندے خیالات میں مبتلا ہوجائے جو فتنہ و برائی کی جڑ ہے۔
Top