مشکوٰۃ المصابیح - یمن اور شام اور اویس قرنی کے ذکر کا باب - حدیث نمبر 6318
وعن عبد الرحمن بن سليمان قال : سيأتي ملك من ملوك العجم فيظهر على المدائن كلها إلا دمشق . رواه أبو داود
وہ عجمی حکمران جو دمشق پر تسلط نہیں پائے گا
اور حضرت عبدالرحمن بن سلیمان (رح) تابعی سے منقول ہے کہ انہوں نے کہا وہ زمانہ آنے والا ہے، جب عجم کے حکمرانوں میں سے ایک حکمران چڑھائی کرے گا، وہ تمام شہروں پر غلبہ حاصل کرلے گا سوائے (شام کے شہر) دمشق کے۔ (ابوداؤد)

تشریح
شارحین حدیث نے اس روایت کا مصداق متعین نہیں کیا ہے کہ عجم کا وہ کون سا حکمران ہوسکتا ہے جو دمشق کے علاوہ تمام شہروں پر غلبہ و تسلط حاصل کرنے والا ہوگا، بہرحال یہ واضح کردینا نہایت ضروری ہے کہ شام و فلسطین بیت المقدس، صخرہ، عسقلان، قزوین، اندلس، دمشق اور ان کے علاوہ کچھ شہروں کی فضیلت میں متعدد حدیثیں منقول ہیں لیکن ائمہ حدیث نے ان میں سے اکثر کو ضعیف قرار دیا ہے۔
Top