مشکوٰۃ المصابیح - یمن اور شام اور اویس قرنی کے ذکر کا باب - حدیث نمبر 6316
وعن عمر رضي الله عنه قال : قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : رأيت عمودا من نور خرج من تحت رأسي ساطعا حتى استقر بالشام . رواهما البيهقي في دلائل النبوة
شام کی فضیلت
اور حضرت عمر ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا میں نے (خواب میں) دیکھا کہ نور کا ایک ستون میرے سر کے نیچے سے برآمد ہوا، اوپر کو بلند ہوا اور پھر ملک شام میں جا کر نصب ہوگیا ان دونوں روایتوں کو بیہقی نے دلائل النبوۃ میں نقل کیا ہے۔

تشریح
اس میں اس طرف اشارہ تھا کہ آپ ﷺ کا دین بہت تیزی کے ساتھ ملک شام میں پہنچے گا، اس کے برکات و اثرات بہت مضبوطی کے ساتھ اس سر زمین پر قائم رہیں گے اور اس ملک میں اس کو سربلندی و شوکت اور غلبہ حاصل ہوگا، اسی مفہوم میں اس روایت کو لینا چاہئے جس میں بیان کیا گیا ہے کہ آنحضرت ﷺ کی ولادت کے وقت آپ کی والدہ ماجدہ کے پیٹ سے ایک نور نکلا جس کی روشنی سے شام کے محلات ومکانات منور ہوگئے۔
Top