مشکوٰۃ المصابیح - اہل بدر میں سے ان صحابہ کے ناموں کا ذکر جو جامع بخاری میں مذکور ہیں - حدیث نمبر 6296
مقداد بن عمرکندی
حضرت مقداربن عمرو کندی کو مقداد بن اسود بھی کہا جاتا تھا، کندی تو ان کو اس نسبت سے کہتے تھے کہ ان کے باپ عمرو کندہ کے حلیف تھے اور مقداد چونکہ بنوزہرہ میں سے ایک شخص اسود بن یغوث زہری کے حلیف بن گئے تھے، اس لئے ان کو زہری کہا جاتا تھا اور اسی نسبت سے مقداد بن اسود ان کا دوسرانام پڑگیا تھا، حضرت مقداد قدیم الاسلام ہیں اور بعض حضرات نے لکھا ہے کہ یہ چھٹے مسلمان ہیں یعنی ان سے پہلے پانچ آدمی مسلمان ہوئے تھے۔ ان کا شمار آنحضرت ﷺ کے نہایت نیک و بزرگ صحابہ میں ہوتا تھا۔ ان سے روایت حدیث کرنے والوں میں حضرت علی بن ابی طالب اور طارق بن شہاب شامل ہیں، ٣٣ ھ میں ان کا انتقال مدینہ سے تین میل کے فاصلہ پر مقام جرف میں ہوا تھا وہاں سے ان کی میت مدینہ لائی گئی اور پھر بقیع میں ان کو دفن کردیا گیا۔ نماز جنازہ حضرت عثمان بن عفان نے پڑھائی، ان کی عمر ٦٠ سال کی ہوئی۔
Top