مشکوٰۃ المصابیح - اہل بدر میں سے ان صحابہ کے ناموں کا ذکر جو جامع بخاری میں مذکور ہیں - حدیث نمبر 6282
عبادہ بن صامت
حضرت عبادہ بن صامت انصار مدینہ میں سے ہیں اور ان کا شمار سرداروں میں ہوتا ہے تھا۔ عقبہ اولی، عقبہ ثانیہ اور عقبہ ثالثہ، تینوں میں یہ موجود تھے، انہوں نے جنگ بدر اور دوسرے جہادوں میں شرکت کی یہ ان صحابہ میں سے ایک ہیں جنہوں نے آنحضرت ﷺ کے عہد میں قرآن جمع کیا تھا۔ حضرت عبادہ دراز قد اور خوبصورت جسم کے تھے، حضرت عمر نے اپنے عہد خلافت میں ان کو شام کا قاضی ومعلم بنا کر بھیجا تھا، چناچہ انہوں نے حمص میں اقامت اختیار کرکے اپنے فرائض انجام دئیے پھر بعد میں فلسطین چلے گئے تھے اور وہیں رملہ میں وفات پائی، بعض حضرات نے لکھا ہے کہ ان کی وفات بیت المقدس میں ٣٤ ھ میں ہوئی تھی، اس وقت ان کی عمر ٧٢ سال کی تھی، ایک روایت میں یہ ہے کہ حضرت عبادہ، حضرت معاویہ کے زمانہ تک زندہ رہے۔
Top