مشکوٰۃ المصابیح - اہل بدر میں سے ان صحابہ کے ناموں کا ذکر جو جامع بخاری میں مذکور ہیں - حدیث نمبر 6272
زید بن سہل
حضرت زید بن سہل انصاری ؓ ہیں ابوطلحہ ؓ کی کنیت سے مشہور ہیں یہ ان ستر آدمیوں میں شامل تھے جو ہجرت نبوی سے پہلے مدینہ سے چل کر مکہ آئے تھے اور عقبہ میں آنحضرت ﷺ کی زیارت اور بیعت سے مشرف ہوئے تھے۔ انہوں نے غزوہ بدر میں بھی شرکت کی تھی اور ان کے بعد کے جہادوں میں بھی، حضرت طلحہ، زید بن سہل، حضرت ام سلیم کے خاوند ہیں جو حضرت انس بن مالک کی والدہ ماجدہ ہیں۔ ان کا شمار انصار کے عمائدین اور روساء میں ہوتا تیر اندازی میں بہت مشہور تھے آنحضرت ﷺ نے ان کے متعلق فرمایا تھا کہ تنہا ابوطلحہ کی آواز لشکر میں ایک جماعت کی آواز سے بہتر ہے۔ ایک روایت میں سو مردوں کے آواز سے بہتر ہے کے الفاظ ہیں اور ایک اور روایت میں یہ ہے کہ ہزار مردوں کی آواز سے بہتر ہے۔ آنحضرت ﷺ نے ان کا بھائی چارہ حضرت ابوعبیدہ ؓ سے کرایا تھا۔ ان کی وفات ٣١ ھ بعمر ٧٠ سال ہوئی۔ ؓ۔
Top