مشکوٰۃ المصابیح - عشرہ مبشرہ کے مناقب کا بیان - حدیث نمبر 6093
جنگ احد کے دن آنحضرت ﷺ پر کیا گزری
حضرت ابوسعید خدری نے ایک روایت میں بیان کیا ہے کہ جنگ احد کے دن ایک دشمن دین عتبہ بن وقاص نے آنحضرت ﷺ کو ایک پتھر پھینک کر مارا جس کی چوٹ سے آپ ﷺ کا دائیں طرف کا دندان مبارک شہید ہوگیا اور نیچے کا ہونٹ زخمی ہوگیا ایک اور بدبخت عبداللہ بن شہاب زہری کے حملہ کے نتیجہ میں آپ ﷺ کی مبارک پیشانی پر سخت زخم آیا اور خود کی دو کڑیاں رخسار مبارک میں پیوست ہوگئیں۔ دشمنوں نے میدان جنگ میں پوشیدہ طور پر کچھ گڑھے کھود کر ان کو اوپر سے اس طرح برابر کردیا تھا کہ نادانستگی میں جس مسلمان کا پیر اس کے اوپر پڑھے وہ گڑھے میں گرجائے چناچہ ایسے ہی ایک گڑھے میں آنحضرت ﷺ بھی گرپڑے تھے، فورا حضرت علی نے آگے بڑھ کر آپ ﷺ کا دست مبارک تھاما اور پھر حضرت طلحہ بن عبیداللہ نے آپ ﷺ کو اٹھایا اور گڑھے سے باہر نکال کر کھڑا کیا چہرہ مبارک کے زخموں سے جو خون نکل رہا تھا اس کو ابوسعید خدری نے اپنے منہ سے چوسا اور آنحضرت ﷺ نے فرمایا جس شخص نے میرا خون چوس کر صاف کیا ہے۔ اس کو دوزخ کی آگ چھونے بھی نہیں پائے گی۔
Top