مشکوٰۃ المصابیح - ان تینوں (یعنی خلفاء ثلاثہ) کے مناقب کا بیان - حدیث نمبر 6034
عن ابن عمر قال : كنا نقول ورسول الله صلى الله عليه و سلم حي : أبو بكر وعمر وعثمان رضي الله عنهم . رواه الترمذي
زمانہ نبوت میں ان تینوں کا ذکر کس ترتیب سے ہوتا تھا
حضرت ابن عمر ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ کے زمانہ حیات میں ہم یوں کہا کرتے تھے ابوبکر اور عمر اور عثمان، اللہ ان سے راضی ہو۔ (ترمذی)

تشریح
مطلب یہ کہ یہ تینوں صحابی بارگاہ رسالت میں سب سے زیادہ تقرب ومنزلت رکھتے تھے اور اپنی حیثیت کی بناء پر تمام ہی صحابہ میں ممتاز ومنفرد شہرت کے حامل تھے، صحابہ کی مجلسوں میں کثرت سے ان کا چرچا ہوا کرتا تھا ان کے اوصاف و محاسن کے تذکرے کئے جاتے تھے۔ اور اسلام اور مسلمانوں کے تعلق سے جب بھی کسی مسئلہ و معاملہ کا ذکر ہوتا تو سب سے پہلے ان تینوں کا ذکر آتا اور جب بھی ان تینوں کا ذکر آتا تو ان کے نام اس ترتیب سے لئے جاتے کہ پہلے حضرت ابوبکر، پھر حضرت عمر اور پھر حضرت عثمان کا نام آتا۔
Top