مشکوٰۃ المصابیح - نبی ﷺ کی وفات کا بیان - حدیث نمبر 5904
وعنها قالت : كان رسول الله صلى الله عليه و سلم يقول في مرضه الذي مات فيه : يا عائشة ما أزال أجد ألم الطعام الذي أكلت بخيبر وهذا أوان وجدت انقطاع أبهري من ذلك السم . رواه البخاري
زہر کا اثر
اور حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کہتی ہیں کہ رسول کریم ﷺ اپنے مرض وفات میں فرمایا کرتے تھے کہ عائشہ میں نے خیبر میں جو (زہر آلود) کھانا کھالیا تھا (اس کے تکلیف دہ اثرات تو برابر محسوس کرتا تھا لیکن اب اس مرض میں) تو ایسا لگتا ہے کہ اسی زہر کے اثر سے میری رگ جان کٹ جائے گی۔ (بخاری)

تشریح
زہر آلود کھانے سے مراد بکری ہے جو سازش کے تحت ایک یہودی عورت نے فتح خیبر کے موقع پر آپ ﷺ کی خدمت میں پیش کی تھی اور آپ ﷺ نے اس میں سے کچھ کھالیا تھا اس کا ذکر تفصیل کے ساتھ پیچھے ایک موقع پر گذر چکا ہے اس وقت اگرچہ ظہور معجزہ کے تحت زہر کا ایسا اثر نہیں ہوا کہ ہلاکت واقع ہوجاتی لیکن اس کے مضر اثرات بہرحال قائم رہ گئے تھے جس کا ظہور بعد میں کبھی کبھی ہوجاتا تھا پھر اللہ تعالیٰ نے بظاہر اس حکمت کے تحت کہ آپ ﷺ کو درجہ شہادت بھی مل جائے مرض الموت میں اس زہر کا اصل اثرظاہر کیا جیسا کہ بیان کیا جاتا ہے کہ حضرت ابوبکر کی موت اس سانپ کے زہر کے اثر سے واقع ہوئی تھی جس نے مدتوں پہلے مکہ سے مدینہ کے سفر ہجرت کے دوران غار ثور میں ان کو ڈسا تھا۔
Top