قبور یہود کے احوال کا انکشاف
اور حضرت ابوایوب انصاری کہتے ہیں کہ ( ایک دن) نبی کریم ﷺ غروب آفتاب کے بعد گھر سے نکلے تو ایک آواز سنی اور ( وہ آواز سن کر) فرمایا یہ یہود ہیں ( یعنی یہ آواز ان یہودیوں کی ہے) جن کو قبر میں عذاب دیا جار ہا ہے۔ ( بخاری ومسلم)
تشریح
ایک آواز سنی کے بارے میں شارحین نے لکھا ہے کہ وہ آواز یا تو ان ملائکہ کی تھی جو قبر میں آوازدینے پر مامور تھے یا ان یہودیوں کی تھی جن کو قبروں میں عذاب دیا جارہا تھا اور یا وقوع عذاب کی آواز تھی۔ حدیث کی عبارت یھود تعذب فی قبورھا کے پیش نظر دوسرا احتمال زیادہ قرین قیاس ہے۔ اس حدیث سے عذاب قبر کا ثبوت ملتا ہے اور آنحضرت ﷺ کا یہ معجزہ ظاہر ہوتا ہے کہ آپ ﷺ پر ان یہودیوں کی قبر کا حال منکشف ہوا اور آپ ﷺ نے اس کو بیان فرمایا۔