مشکوٰۃ المصابیح - کھانے کا بیان - حدیث نمبر 4064
وعن حذيفة قال رسول الله صلى الله عليه و سلم : إن الشيطان يستحل الطعام أن لا يذكر اسم الله عليه . رواه مسلم
کھاتے وقت بسم اللہ پڑھنے کی اہمیت
اور حضرت حذیفہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا جس کھانے پر اللہ کا نام نہ لیا جائے، اس کو شیطان اپنے لئے حلال سمجھتا ہے۔ ( مسلم )

تشریح
حلال سمجھتا ہے کا مطلب یہ ہے کہ وہ ( شیطان) اس کھانے پر قادر ہوجاتا ہے ( یعنی کھانے والے کے ساتھ وہ بھی اس میں سے کھاتا ہے) یہ مطلب اس صورت میں ہے جب کہ حدیث کو اس کے ظاہری معنی پر محمول کیا جائے اور بعض حضرات نے یہ تاویل بیان کی ہے کہ جو کھانا بسم اللہ پڑھ کر نہ کھایا گیا ہو وہ ایسا ہے گویا اس کو شیطان کھا گیا ہے، یا یہ مراد ہو کہ اس کھانے کو اللہ تعالیٰ کی غیر مرضی کی جگہ صرف کرنا ہے۔
Top