مشکوٰۃ المصابیح - نماز کا بیان - حدیث نمبر 725
وَعَنْ اُمِّ سَلَمَۃَ اَنَّھَا سَأَلَتْ رَسُوْلَ اﷲِ صَلَّی اﷲُعَلَیْہِ وَسَلَّمَ اَتُصَلِّی الْمَرْأَۃُ فِی دِرْعٍ وَمَارٍلَیْسَ عَلَیْھَا اِزَارٌ قَالَ اِذَا کَانَ الدِّرْعُ سَابِغًا یُغَطِّی ظُھُوْرَ قَدَمَیْھَا۔ رَوَاہُ اَبُوْدَاؤدَ وَذَکَرَ جَمَاعَۃً وَقَفُوْہُ عَلَی اُمِّ سَلَمَۃَ۔
ستر ڈھانکنے کا بیان
اور حضرت ام سلمہ ؓ کہتی ہیں کہ میں نے سرور کائنات ﷺ سے پوچھا کہ اگر عورت کے پاس تہمد (یعنی پائجامہ وغیرہ) نہ ہو اور وہ صرف دوپٹہ اور کرتہ میں نماز پڑھ لے تو اس کی نماز ہوجائے گی یا نہیں؟ آپ ﷺ نے فرمایا (ہاں ہوجائے گی) بشرطیکہ کرتہ اتنا لمبا ہو کہ اس سے اس کے پاؤں کی پشت چھپ جاتی ہو۔ (ابوداؤد) اور ابوداؤد نے کہا کہ ایک جماعت نے اس روایت کو ام سلمہ ؓ پر موقوف قرار دیا ہے یعنی انہوں نے کہا ہے کہ یہ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد نہیں ہے بلکہ حضرت ام سلمہ ؓ کا قول ہے۔

تشریح
یہ حدیث اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ عورت کے پاؤں کی پشت بھی ستر میں شامل ہے اس کو نماز میں ڈھا نکنا واجب ہے۔
Top