مشکوٰۃ المصابیح - نماز کا بیان - حدیث نمبر 708
وَعَنْ السَائِبِ بْنِ خَلَّادٍ وَھُوَ رَجُلٌ مِنْ اَصْحَابِ النَّبِیِّ صلی اللہ علیہ وسلم قَالَ اِنَّ رَجُلاً اَمَّ قَوْمًا فَبَصَقَ فِی الْقِبْلَۃِ وَرَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم یَنْظُرُ فَقَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم لِقَوْمِہٖ حِیْنَ فَرَغَ لَا یُصَلِّیَّ لَکُمْ فَاَرَادَبَعْدَ ذٰلِکَ اَنْ یُّصَلِّیْ لَھُمْ فَمَنَعُوْہُ فَاخْبَرُوْہُ بِقَوْلِ رَسُوْلِ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم فَذَکَرَ ذٰلِکَ لِرَسُوْلِ اﷲِ صلی اللہ علیہ وسلم فَقَالَ نَعَمْ وَحَسِبْتُ اَنَّہُ قَالَ اِنَّکَ قَدْاٰذَیْتَ اﷲَ وَرَسُوْلَہ،۔ (رواہ ابوداؤد)
مساجد اور نماز کے مقامات کا بیان
اور حضرت سائب ابن خلاد ؓ نے جو رسول اللہ ﷺ کے ایک صحابی ہیں فرمایا۔ ایک آدمی جماعت کی نماز پڑھا رہا تھا اور اس نے قبلہ کی طرف تھوک دیا (اتفاق سے) رسول اللہ ﷺ (اس کی طرف) دیکھ رہے تھے۔ جب وہ نماز سے فارغ ہوگیا تو آپ ﷺ نے اس کے مقتدیوں سے فرمایا کہ آئندہ سے یہ آدمی تمہیں نماز نہ پڑھائے اس کے بعد اس آدمی نے جب ان کو نماز پڑھانی چاہی تو ان لوگوں نے اسے (امامت سے) روک دیا اور اس سے رسول اللہ ﷺ کا ارشاد بیان کردیا وہ آدمی رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا اور اس واقعہ کا ذکر کیا۔ آپ ﷺ نے فرمایا کہ ہاں میں نے ہی لوگوں سے تمہیں امام نہ بنانے کے لئے کہا تھا اور راوی فرماتے ہیں کہ میرا خیال ہے کہ آپ ﷺ نے اس آدمی سے (امامت سے روک دینے کا سبب بیان کرتے ہوئے یہ بھی) فرمایا تھا کہ تم نے (اس ممنوع فعل کا ارتکاب کر کے) اللہ اور اس کے رسول کو تکلیف پہنچائی ہے۔ (ابوداؤد)
Top