مشکوٰۃ المصابیح - نماز کا بیان - حدیث نمبر 1043
وَعَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ عَنِ النَّبِیِّ صلی اللہ علیہ وسلم قَالَ مَنْ سَمِعَ النِّدَاءَ فَلَمْ یُجِبْہُ فَلَا صَلَاۃَ لَہ، اِلَّا مِنْ عُذْرٍ۔ (رواہ الدار قطنی)
زبان و عمل سے اذان کا جواب نہ دینے والے کی نماز کامل نہیں ہوتی
اور حضرت عبداللہ ابن عباس ؓ راوی ہیں کہ سرور کونین ﷺ نے فرمایا جس آدمی نے اذان سنی اور اس کا جواب نہ دیا تو اس کی نماز ( کامل یا قبول نہیں ہوتی مگر کسی عذر کی وجہ سے (ایسا کیا تو مضائقہ نہیں۔ (دار قطنی)

تشریح
اذان کا جواب دینا ایک تو زبان سے ہوتا ہے جیسے موزن کلمات اذان کہے تو سننے والا ان کلمات کو دہرائے اور ایک جواب عمل سے ہوتا ہے چناچہ جو آدمی مؤذن کی اذان سن کر مسجد میں جماعت سے نماز پڑھنے کے لئے آتا ہے وہ اپنے عمل سے مؤذن کی اذان کا جواب دیتا ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ زبان و عمل دونوں کے جواب پر نماز کی قبولیت اور نماز کی تکمیل موقوف ہے یعنی جس آدمی نے اذان سن کر اس کا جواب نہ تو زبان سے دیا اور نہ مسجد میں آکر عمل سے دیا تو اس کی نماز پائے تکمیل اور باب قبولیت کو نہیں پہنچتی اتنی بات سمجھ لیجئے کہ اصل جواب عمل یعنی مسجد میں آنا ہی ہے اور اس کی زیادہ تاکید ہے۔
Top