مشکوٰۃ المصابیح - نماز استسقاء کا بیان - حدیث نمبر 1474
دعا کے وقت ہاتھوں کی ہیت
اور حضرت انس ؓ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے طلب بارش کے لئے دعا مانگی تو اپنے دونوں ہاتھوں کی پشت آسمان کی طرف کرلی۔ (صحیح مسلم)

تشریح
علماء کرام نے لکھا ہے کہ بارش کے لئے دعا مانگتے وقت ہتھیلیوں کی پشت کو آسمان کی طرف کردینا بھی اچھا شگون لینے کے درجہ میں ہے جیسا کہ چارد پلٹ کر اچھا شگون لیا جاتا ہے۔ ہاتھوں کی پشت کو آسمان کی طرف کرنا دراصل اس طرف اشارہ ہے کہ اللہ کرے اسی طرح بادلوں کے پیٹ بھی زمین کی طرف ہوجائیں اور وہ اپنے اندر کے ذخیرہ آب کو زمین پر انڈیل دیں۔ دعا کے وقت اٹھتے ہوئے ہاتھوں کی ہیت کے بارے میں علماء لکھتے ہیں کہ اس سلسلہ میں یہ طریقہ اختیار کرنا چاہیے کہ جو آدمی بلاء مثلاً قحط وغیرہ کے دور ہونے کے لئے دعا مانگے تو وہ اپنے ہاتھوں کی پشت آسمان کی طرف کرے اور جو آدمی اللہ تعالیٰ سے کسی نعمت کی طلب کے لئے دعا کرے تو وہ ہتھیلیوں کو آسمان کی طرف کرے۔
Top