مشکوٰۃ المصابیح - لباس کا بیان - حدیث نمبر 4358
وعن عائشة أن هندا بنت عتبة قالت يا نبي الله بايعني فقال لا أبايعك حتى تغيري كفيك فكأنهما كفا سبع . رواه أبو داود .
عورتوں کو ہاتھوں پر مہندی لگانا مستحب ہے
اور حضرت عائشہ ؓ کہتی ہیں کہ عتبہ کی بیٹی ہندہ نے (جب) یہ کہا اے اللہ کے نبی ﷺ مجھ کو بیعت کرلیجئے تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ جب تک کہ تم اپنے دونوں ہاتھوں کو (مہندی لگا کر ان کی رنگت کو) متغیر نہ کرلو گی میں تم سے (زبانی) بیعت نہیں لوں گا۔ (ابوداؤد)

تشریح
ہندہ عتبہ کی بیٹی، ابوسفیان کی بیوی اور معاویہ کی ماں تھیں، انہوں نے فتح مکہ کے دن اسلام قبول کیا تھا اور بظاہر یہ معلوم ہوتا ہے کہ حدیث بالا میں جس بیعت کا ذکر کیا گیا ہے وہ فتح مکہ کے دن کے علاوہ کسی اور دن کا واقعہ ہے۔ حدیث سے یہ ثابت ہوا کہ عورتوں کو اپنے ہاتھوں پر مہندی لگانا مستحب ہے اور اس کو ترک کرنا مکروہ ہے اور یہ کراہت مردوں کی مشابہت اختیار کرنے کی وجہ سے ہے۔
Top