مشکوٰۃ المصابیح - قربانى کا بیان - حدیث نمبر 1445
وَعَنْ اَبِی ھُرَیْرَۃَ قَالَ قَالَ رَسُوْلُ اﷲِ صَلَّی اﷲُ عَلَیْہِ وَسَلَّمَ مَا مِنْ اَیَّامٍ اَحَبُّ اِلَی اﷲِ اَنْ یُّتَعَبَّدَ لَہ، فِیْھَا مِنْ عَشْرِ ذِی الْحَجَّۃِ یَعْدِلُ صِیَامُ کُلِّ یَوْمٍ مِّنْھَا بِصِیَامِ سَنَۃٍوَقِیَامِ کُلِّ لَیْلَۃٍ مِّنْھَا بِقِیَامِ لَیْلَۃِ الْقَدْرِ رَوَاہُ التِّرْمِذِیُّ َو ابْنُ مَاجَۃَ وَقَالَ التِّرْمِذِیُّ اَسْنَادَہ، ضَعَیْفٌ۔
عشرہ ذی الحجہ کی عبادتوں کی فضیلت
اور حضرت ابوہریرہ ؓ راوی ہیں کہ رسول اکرم ﷺ نے فرمایا ایسا کوئی دن نہیں ہے کہ جس میں عبادت کرنا عشرہ ذی الحجہ سے زیادہ افضل ہو اس میں سے ہر دن کے روزے ایک سال کے روزوں کے برابر قرار دئیے جاتے ہیں اور اس میں ہر رات کی عبادت شب قدر کی عبادت کے برابر قرار دی جاتی ہے (جامع ترمذی، ابن ماجہ) امام جامع ترمذی فرماتے ہیں کہ اس کی اسناد ضعیف ہیں۔

تشریح
طلب یہ ہے کہ خدا کے نزدیک ان دنوں میں عبادت کرنا دوسرے دنوں میں عبادت کرنے سے زیادہ محبوب ہے خصوصاً قربانی کرنا دوسرے اعمال سے زیادہ افضل اور محبوب ہے۔ اور عشرہ ذی الحجہ کی فضیلت کے سلسلہ میں پوری وضاحت پہلی فصل میں گذر چکی ہے۔
Top