مشکوٰۃ المصابیح - فضائل قرآن کا بیان - حدیث نمبر 2149
وعن عقبة بن عامر قال : سمعت رسول الله صلى الله عليه و سلم يقول : لو جعل القرآن في إهاب ثم ألقي في النار ما احترق . رواه الدارمي
قرآن کا ایک معجزہ
حضرت عقبہ بن عامر ؓ کہتے ہیں کہ میں نے رسول کریم ﷺ کو یہ فرماتے ہوئے سنا کہ اگر قرآن کو کسی کھال وغیرہ میں رکھ کر اسے بفرض محال آگ میں ڈال دیا جائے تو اس پر آگ اثر انداز نہیں ہوگی۔ (دارمی)

تشریح
بعض حضرات فرماتے ہیں کہ یہ درحقیقت آنحضرت ﷺ کے زمانہ میں قرآن مجید کا ایک معجزہ تھا کہ اسے اگر کسی کھال وغیرہ میں لپیٹ کر آگ میں ڈالتے تھے تو اس پر آگ اثر انداز نہ ہوتی، یہ ایسا ہے جیسا کہ دوسرے انبیاء کرام کے زمانہ میں ان کے معجزے ہوا کرتے تھے۔ مگر دوسرے حضرات فرماتے ہیں کہ یہاں کھال سے مراد انسان کا قلب اور اس کی کھال و بدن ہے کہ جس شخص کے قلب میں قران کی روشنی فروزاں ہو اور وہ قران پڑھتا اور اس پر عمل کرتا ہو تو وہ دوزخ کی آگ و عذاب سے محفوظ رہے گا۔
Top