مشکوٰۃ المصابیح - شکار کا بیان - حدیث نمبر 4018
وعن أبي هريرة أن رسول الله صلى الله عليه و سلم قال : إذا وقع الذباب في إناء أحدكم فليغمسه كله ثم ليطرحه فإن في أحد جناحيه شفاء وفي الآخر داء . رواه البخاري
کھانے پینے کی چیز میں مکھی گر پڑے تو اس کا حکم
اور حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول کریم ﷺ نے فرمایا۔ جب تم میں سے کسی شخص کے برتن میں ( کہ جس میں کھانے پینے کی کوئی چیز ہو) مکھی گرپڑے تو اس کو چاہئے کہ وہ اس پوری مکھی کو غوطہ دے اور پھر نکال کر پھینک دے کیونکہ اس ( مکھی کے دونوں پروں میں سے ایک پر میں شفا ہے اور دوسرے پر میں بیماری ہے۔ ( بخاری ومسلم )

تشریح
اسی طرح کی ایک حدیث جو حضرت ابوہریرہ ؓ ہی سے منقول ہے دوسری فصل میں بھی نقل ہوگی۔ اس میں یہ بھی بیان کیا گیا ہے کہ مکھی بیماری کے پر کو پہلے ڈالتی ہے لہٰذا پوری مکھی کو غوطہ دے لو تاکہ اس کا دوا والا پر بھی ڈوب جائے اور اس طرح اس کھانے پینے کی چیز سے وہ مضر اثرات زائل ہوجائیں جو بیماری والے پر کے ذریعہ پہنچے ہیں۔
Top