مشکوٰۃ المصابیح - شکار کا بیان - حدیث نمبر 4016
وعن ابن أبي أوفى قال : غزونا مع رسول الله صلى الله عليه و سلم سبع غزوات كنا نأكل معه الجراد
ٹڈی کا کھانا جائز ہے
اور ابن ابی اوفیٰ ؓ کہتے ہیں ہم نے رسول کریم ﷺ کے ہمراہ سات جہاد کئے، ہم ( ان موقعوں پر) آنحضرت ﷺ کے ساتھ ٹڈی کھاتے تھے۔ ( بخاری ومسلم)

تشریح
کنانا کل معہ الجراد میں لفظ معہ ( آنحضرت ﷺ کے ساتھ) نہ تو مسلم کی اصل روایت میں ہے اور نہ ترمذی میں، بلکہ اس حدیث کو جن اور محدثین نے نقل کیا ہے ان میں سے اکثر کی روایت اس لفظ سے خالی ہے، تاہم جن محدثین نے اپنی روایت میں یہ لفظ مزید نقل کیا ہے انہوں نے اس عبارت کے یہ معنی مراد لئے ہیں کہ ہم آنحضرت ﷺ کے ہمراہ رہتے ہوئے ٹڈی کھاتے تھے۔ اور آنحضرت ﷺ ہمیں اس سے منع نہیں فرماتے تھے۔ نہ یہ کہ ہم اور آنحضرت ﷺ ساتھ ٹڈی کھاتے تھے۔ یہ تاویل اگرچہ حدیث میں منقول ہے الفاظ کے ظاہری مفہوم کے خلاف ہے لیکن یہ ضروری اس لئے ہے کہ یہ ثابت ہے کہ آنحضرت ﷺ نے ٹڈی نہیں کھائی ہے۔ بلکہ اس کے بارے میں آپ ﷺ کا یہ ارشاد منقول ہے کہ نہ میں کھاتا ہوں اور نہ حرام قرار دیتا ہوں۔
Top