مشکوٰۃ المصابیح - خرید و فروخت کے مسائل و احکام - حدیث نمبر 2834
وعن رافع بن خديج قال : قيل : يا رسول الله أي الكسب أطيب ؟ قال : عمل الرجل بيده وكل بيع مبرور . رواه أحمد
کون سا کسب افضل ہے
حضرت رافع بن خدیج راوی ہیں کہ رسول کریم ﷺ سے یہ پوچھا گیا کہ کونسا کسب پاکیزہ یعنی افضل ہے تو آپ ﷺ نے فرمایا کہ انسان کا اپنے ہاتھ سے کمانا اور ہر وہ تجارت جو مقبول یعنی شرعی اصول وقواعد کے مطابق ہو (احمد)

تشریح
آپ ﷺ کے جواب کا حاصل یہ ہے کہ سب سے بہتر تو وہ کسب وپیشہ ہے جس میں انسان کو اپنے ہاتھوں سے محنت کرنی پڑتی ہو جیسے زراعت اور کتابت وغیرہ اور اگر کوئی شخص ہاتھوں کی محنت والا کسب اختیار نہ کرسکے تو پھر ایسی تجارت کے ذریعے اپنی حلال روزی پیدا کرے جس میں دیانت و امانت کی روح بہرصورت کار فرما رہے کیونکہ ایسی تجارت بھی ایک پاک و حلال کسب ہے۔
Top