مشکوٰۃ المصابیح - جمعہ کا بیان - حدیث نمبر 1343
عَنِ ابْنِ عُمَرَص وَاَبِیْ ھُرَےْرَۃَصاَنَّھُمَا قَالَا سَمِعْنَا رَسُوْلَ اللّٰہِ صلی اللہ علیہ وسلم ےَقُوْلُ عَلٰی اَعْوَادِ مِنْبَرِہٖ لَےَنْتَھِےَنَّ اَقْوَامٌ عَنْ وَّدْعِھِمُ الْجُمُعَاتِ اَوْ لَےَخْتِمَنَّ اللّٰہُ عَلٰی قُلُوْبِھِمْ ثُمَّ لَےَکُوْنُنَّ مِنَ الْغَافِلِےْنَ۔(صحیح مسلم)
نماز جمعہ ترک کرنے کی وعید
حضرت عبداللہ ابن عمر اور حضرت ابوہریرہ ؓ دونوں راوی ہیں کہ ہم نے رسول اللہ ﷺ کو اپنے منبر کی لکٹری (یعنی اس کی سیٹرھیوں) پر یہ فرماتے ہوئے سنا ہے کہ لوگ نماز جمعہ کو چھوڑنے سے باز رہیں ورنہ اللہ تعالیٰ ان کے دلوں پر مہر لگا دے گا اور وہ غافلوں میں شمار ہونے لگیں گے۔ (صحیح مسلم)

تشریح
مطلب یہ ہے کہ ان دونوں چیزوں میں سے ایک چیز مقرر ہے یا تو نماز جمعہ کو نہ چھوڑنا، یا دلوں پر مہر لگ جانا، اگر لوگ نماز جمعہ نہیں چھوڑیں گے تو ان کے دلوں پر مہر نہ لگے گی اور اگر چھوڑ دیں گے تو ان کے دلوں پر مہر لگا دی جائے گی۔ دلوں پر مہر لگانا اس بات سے کنایہ ہے کہ اللہ تعالیٰ ایسے بدبخت لوگوں کے دلوں کو انتہائی غفلت میں مبتلا کر دے گا اور انہیں نصیحت و بھلائی قبول کرنے سے باز رکھے گا۔ جس کا نتیجہ ظاہر ہے کہ ان کے حق میں یہی نکلے گا کہ ایسے لوگ اللہ کے سخت عذاب میں مبتلا کئے جائیں گے۔
Top