مشکوٰۃ المصابیح - پاکی کا بیان - حدیث نمبر 421
وَعَنْ اُبَیِّ بْنِ کَعْبٍ قَالَ اِنَّمَا کَانَ الْمَآءُ مِنَ الْمَآءِ رُخْصَۃً فِی اَوَّلِ الْاِسْلَامِ ثُمَّ نُھِیَ عَنْھَا۔(رواہ ترمذی و ابوداؤد والدارمی)
غسل کا بیان
حضرت ابی بن کعب ؓ فرماتے ہیں کہ یہ حکم، غسل انزال کے بعد ہی واجب ہوتا ہے ابتدائے اسلام میں آسانی کی وجہ سے تھا، پھر اسے منع فرما دیا گیا (یعنی یہ حکم منسوخ قرار دے دیا گیا۔ ( جامع ترمذی، سنن ابوداؤد، دارمی)

تشریح
اس باب کی حدیث نمبر ٢ کی تشریح میں حضرت ابی بن کعب ؓ کی اس روایت کا ذکر آچکا ہے، وہاں بھی یہ بتایا گیا تھا کہ ابتداء اسلام میں یہ حکم تھا کہ غسل اسی صورت میں واجب ہوگا جب کہ جماع کے وقت انزال بھی ہو یعنی اس وقت بغیر انزال کے محض ادخال ذکر سے ہی غسل واجب نہیں ہوتا تھا، چناچہ حضرت ابی بن کعب ؓ یہی فرما رہے ہیں کہ یہ حکم (جو اس باب کی حدیث ٢ میں گزرا ہے) پہلے تھا، اب منسوخ ہوگیا ہے اور اب یہ حکم ہوگیا ہے کہ محض جماع (ادخال ذکر) سے غسل واجب ہوجائے گا، خواہ انزال ہو یا نہ ہو۔
Top