مشکوٰۃ المصابیح - آداب کا بیان - حدیث نمبر 4608
عن أبي هريرة قال كان رسول الله صلى الله عليه وسلم يجلس معنا في المسجد يحدثنا فإذا قام قمنا قياما حتى نراه قد دخل بعض بيوت أزواجه .
آنحضرت ﷺ جب مجلس سے اٹھتے تو صحابہ کرام کھڑے ہوجاتے تھے۔
اور حضرت ابوہریرہ ؓ کہتے ہیں کہ رسول کریم ﷺ مسجد میں ہمارے ساتھ بیٹھتے اور باتیں کیا کرتے پھر جب مجلس سے آپ اٹھتے تو ہم بھی کھڑے ہوجاتے تھے اور دیر تک کھڑے رہتے یہاں تک کہ ہم دیکھتے کہ آپ اپنی ازواج مطہرات میں سے کسی ایک کے گھر میں تشریف لے گئے۔

تشریح
آنحضرت ﷺ جب مجلس سے اٹھتے تو اس وقت صحابہ کا کھڑا ہونا احترام کھڑے ہوجانا کے طور پر نہیں تھا بلکہ مجلس کے برخاست ہوجانے کی وجہ سے ہوتا تھا اور ظاہر بھی ہے کہ جب صحابہ ؓ آپ کی تشریف آوری کے وقت نہیں کھڑے ہوتے تھے تو جانے کے وقت کیوں کھڑے ہوتے تھے رہی یہ بات کہ اس وقت صحابہ دیر تک کیوں کھڑے رہتے تھے تو اس کی وجہ شاید یہ ہوگی کہ آنحضرت ﷺ جب مجلس سے اٹھ کر جانے لگتے تو صحابہ کرام اس انتظار میں رک جاتے کہ شاید آپ کسی کام کے لئے فرمائیں گے یا یہ امید ہوتی تھی کہ آپ دوبارہ تشریف لائیں گے اور مجلس برقرار رہے گی لیکن جب یہ امید ختم ہوجاتی تو صحابہ ؓ اپنی اپنی راہ پکڑتے۔
Top