معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1300
عن ابن مسعود (مَرْفُوْعًا) "إليك ربي فحببني، وفي نفسي لك ربي فذللني، وفي أعين الناس فعظمني، ومن سيء الأخلاق فجنبني"
جامع اور ہمہ گیر دعائیں
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے رسول اللہ ﷺسے یہ دعا روایت کی ہے: "إليك ربي فحببني تا فجنبني " (اے میرے پروردگار! مجھے اپنا پیارا بنا لے اور مجھے ایسا کر دے کہ میں اپنے کو تیرے حضور میں ذلیل سمجھوں اور دوسرے بندوں کی نگاہ میں مجھے باعظمت بنا دے، اور برے اخلاق سے مجھے بالکل بچا اور دور رکھ)۔ (مکارم الاخلاق ابنِ ہلال)

تشریح
کسی بندہ سے اللہ تعالیٰ کا محبت فرمانا عظیم ترین دولت ہے جس کی ہر مومن کو دلی آرزو ہونی چاہئے، اس دعا میں سب سے پہلے یہی نعمت مانگی گئی ہے۔ اسی طرح یہ بھی بندے پر اللہ تعالیٰ کا بڑا انعام ہے کہ وہ خود کو تو ذلیل و حقیر سمجھے لیکن اللہ کے بندے اس کو عزت کی نگاہ میں دیکھیں اور اس کا احترام و اکرام کریں۔ رسول اللہ ﷺ کی یہ دعا پہلے گزر چکی ہے: "اللَّهُمَّ اجْعَلنِي فِي عَيْني صَغِيرا اللَّهُمَّ اجْعَلنِي فِي أعين النَّاس كَبِيرا"
Top