معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1280
عَنْ ابْنِ مَسْعُوْدٍ (مَرْفُوْعًا) «اللهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ مِنْ فَضْلِكَ وَرَحْمَتِكَ؛ فَإِنَّهُ لَا يَمْلِكُهَا إِلَّا أَنْتَ» (رواه الطبرانى فى الكبير)
جامع اور ہمہ گیر دعائیں
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ نے رسول اللہ ﷺسے یہ دعا روایت کی ہے: "اللهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ تا إِلَّا أَنْتَ" (اے اللہ! میں تجھ سے تیرا فضل اور تیری رحمت مانگتا ہوں، بس تو ہی فضل و رحمت کا مالک ہے)۔ (معجم کبیر طبرانی)

تشریح
اسی سلسلہ معارف الحدیث میں ذکر کیا جا چکا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے جو دینوی اور مادی نعمتیں نصیب ہوں ان کو قرآن و حدیث کی زبان میں "فضل" سے تعبیر کیا جاتا ہے اور روحانی و اُخروی نعمتوں کو "رحمت" سے۔ اس بناء پر اس دعا کا مطلب یہ ہوا کہ: "اے اللہ! دنیوی و اُخروی اور مادی و روحانی سب نعمتوں کا مالک تو ہی ہے، تیرے سوا کوئی نہیں ہے جو کچھ بھی دے سکے، اس لیے میں تجھ ہی سے دونوں قسم کی نعمتوں کا طالب و سائل ہوں"۔
Top