معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1258
عَنْ عَبْدِ اللهِ بْنِ مَسْعُوْدٍ، عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، أَنَّهُ كَانَ يَقُولُ: «اللهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ الْهُدَى وَالتُّقَى، وَالْعَفَافَ وَالْغِنَى» (رواه مسلم)
جامع اور ہمہ گیر دعائیں
حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ دعا فرمایا کرتے تھے: "اللهُمَّ إِنِّي أَسْأَلُكَ تا وَالْغِنَى" (اے میرے اللہ! میں تجھ سے مانگتا ہوں ہدایت اور تقویٰ اور پاک دامنی اور مخلوق کی نامحتاجی)۔ (صحیح مسلم)

تشریح
اس دعا میں اللہ تعالیٰ سے چار باتوں کا سوال ہے: ایک ہدایت یعنی راہِ حق پر چلنا، اور استقامت کے ساتھ چلتے رہنا۔ دوسرے تقویٰ اور پرہیزگاری یعنی اللہ سے ڈرتے ہوئے معاصی و منکرات سے بچنا۔ تیسرے عفت و پاک دامنی۔ چوتھے غنی، یعنی دل کی یہ حالت کہ بندہ اپنے اندر کسی مخلوق کی محتاجی اور درست نگری محسوس نہ کرے، اپنے مالک کی عطا پر مطمئن ہو۔ یہ دعا بھی "جوامع الکلم" کی اعلیٰ مثال ہے۔
Top