معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1240
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: إِذَا عَطَسَ أَحَدُكُمْ فَلْيَقُلِ الْحَمْدُ لِلَّهِ. وَلْيَقُلْ لَهُ أَخُوهُ أَوْ صَاحِبُهُ يَرْحَمُكَ اللَّهُ. فَإِذَا قَالَ لَهُ يَرْحَمُكَ اللَّهُ. فَلْيَقُلْ يَهْدِيكُمُ اللَّهُ وَيُصْلِحُ بَالَكُمْ. (رواه البخارى)
چھینک آنے کے وقت کی دعا
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب تم میں سے کسی کو چھینک آئے تو اس کو چاہئے کہ کہے: "الحمدلله" (اللہ کی حمد اور اس کا شکر) اور جو بھائی اس کے پاس ہوں، انہیں جواب میں کہنا چاہئے: "يَرْحَمُكَ اللهُ" (تم پر اللہ کی رحمت ہو) اور جب وہ یہ کہیں تو چھینکنے والے کو چاہئے کہ وہ جواب الجواب کے طور پر کہے: "يَهْدِيكُمُ اللَّهُ وَيُصْلِحُ بَالَكُمْ" (اللہ تم کو صحیح راہ پر چلائے اور تمہارا حال درست فرمائے)۔ (صحیح بخاری)

تشریح
آدمی کو چھیک آ جانے کی بظاہر کوئی اہمیت نہیں، لیکن رسول اللہ ﷺ نے اس موقع کے لئے بھی دعا تلقین فرمائی، اور اس کو بھی اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق بڑھانے کا ذریعہ بنا دیا۔ چھینک اگر زکام وغیرہ کسی بیماری کی وجہ سے نہ ہو تو دماغ کی صفائی اور اس کے ہلکے ہونے کا ذریعہ ہے۔ جو مادہ چھینک کے ذریعہ خارج ہوتا ہے اگر وہ خارج نہ ہو تو طرح طرح کی دماغی بیماریاں پیدا ہو سکتی ہیں، اس لئے بندے کو چاہئے کہ چھینک آنے پر اللہ کی حمد اور اس کا شکر ادا کرے، اور کم از کم الحمدللہ کہے۔ بعض روایات میں اس موقع کے لئے "الْحَمْدُ لِلَّهِ عَلَى كُلِّ حَالٍ" اور بعض دوسری روایات میں "الْحَمْدُ لِلَّـهِ رَبِّ الْعَالَمِينَ" بھی وارد ہوا ہے۔ اس لئے ان میں سے ہر کلمہ کہا جا سکتا ہے۔ سننے والوں کو اس کے جواب میں "يَرْحَمُكَ اللَّهُ" کہنا چاہئے۔ یہ چھینکنے والے کے حق میں دُعائے خیر ہو گی، اس کا جواب چھینکنے والے کو بھی دعائے خیر سے دینا چاہئے۔ رسول اللہ ﷺ نے اس کے لئے "يَهْدِيكُمُ اللَّهُ وَيُصْلِحُ بَالَكُمْ" تعلیم فرمایا۔ قربان اس تعلیم کے، ایک چھینک کو خود چھینکنے والے کے لئے اور اس کے پاس والوں کے لئے بھی اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق کو تازہ کرنے کا اور بڑھانے کا کیسا ذریعہ بنایا۔ اگر کسی کو نزلہ اور زکام کی وجہ سے مسلسل چھینکیں آتی ہوں تو اس صورت میں نہ چھینکنے والا ہر دفعہ "الْحَمْدُ لِلَّهِ" کہنے کا مکلف ہے، نہ سننے والے کو ہر دفعہ "يَرْحَمُكَ اللَّهُ" کہنے کا حکم ہے۔
Top