معارف الحدیث - کتاب الاذکار والدعوات - حدیث نمبر 1067
عَنْ أَبِي ذَرٍّ قَالَ: سُئِلَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ أَيُّ الْكَلَامِ أَفْضَلُ؟ قَالَ: " مَا اصْطَفَى اللهُ لِمَلَائِكَتِهِ: سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ " (رواه مسلم)
کلمات ذِکر اور ان کی فضیلت و برکت
حضرت ابو ذر غفاری ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا گیا کہ: کلاموں میں کون سا کلام افضل ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: وہ کلام جو اللہ تعالیٰ نے اپنے ملائکہ کے لئے منتخب فرمایا ہے۔ یعنی "سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ". (صحیح مسلم)

تشریح
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ فرشتوں کا خاص ذکر یہی "سُبْحَانَ اللهِ وَبِحَمْدِهِ" ہے۔ اس حدیث مین اس کلمہ کو سب سے افضل کہا گیا ہے۔ اور حضرت سمرہ بن جندب ؓ کی حدیث میں جودو ہی ورق پہلے درج ہو چکی ہے فرمایا گیا ہے کہ سب سے افضل یہ چار کلمے ہیں: "سُبْحَانَ اللهِ، الْحَمْدُ لِلَّهِ، لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ، اللهُ أَكْبَرُ" اور ایک دوسری حدیث میں "لَا إِلَهَ إِلَّا اللهُ" کو افضل الذکر فرمایا گیا ہے۔ ظاہر ہے کہ ان تینوں باتوں میں کوئی منافات نہیں ہے۔ اصل بات یہ ہے کہ یہ سب کلمے دوسرے سب کلاموں کے مقابلے میں افضل اور اللہ کو زیادہ محبوب ہیں۔
Top