معارف الحدیث - کتاب الحج - حدیث نمبر 980
عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ أَنَّ رَجُلًا سَأَلَ رَسُولَ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : مَا يَلْبَسُ الْمُحْرِمُ مِنَ الثِّيَابِ؟ فَقَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « لَا تَلْبَسُوا الْقُمُصَ ، وَلَا الْعَمَائِمَ ، وَلَا السَّرَاوِيلَاتِ ، وَلَا الْبَرَانِسَ ، وَلَا الْخِفَافَ ، إِلَّا أَحَدٌ لَا يَجِدُ النَّعْلَيْنِ ، فَلْيَلْبَسِ الْخُفَّيْنِ ، وَلْيَقْطَعْهُمَا أَسْفَلَ مِنَ الْكَعْبَيْنِ ، وَلَا تَلْبَسُوا مِنَ الثِّيَابِ شَيْئًا مَسَّهُ الزَّعْفَرَانُ وَلَا الْوَرْسُ » (رواه البخارى ومسلم)
احرام کا لباس
حضرت عبداللہ بن عمر ؓ سے روایت ہے بیان فرماتے ہیں کہ: ایک شخص نے رسول اللہ ﷺ سے دریافت کیا کہ: محرم (حج یا عمرہ کا احرام باندھنے والا) کیا کیا کپڑے پہن سکتا ہے؟ آپ ﷺ نے فرمایا: کہ (حالت احرام میں) نہ تو کرتا قمیض پہنو اور نہ سر پر عمامہ اور نہ شلوار پاجامہ پہنو اور نہ بارانی پہنو اور نہ پاؤں میں موزے پہنو، سوائے اس کے کہ کسی آدمی کے پاس پہننے کے لیے چپل جوتا نہ ہو تو وہ مجبوراً پاؤں کی حفاظت کے لیے موزے پہن لے اور ان کو ٹخنوں کے نیچے سے کاٹ کے جوتا سا بنا لے (آگے آپ ﷺ نے فرمایا کہ حالت احرام میں) ایسا بھی کوئی کپڑا نہ پہنو جس کو زعفران یا ورس لگا ہو۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
رسول اللہ ﷺ نے اس حدیث میں قمیض، شلوار، عمامہ وغیرہ صرف ان چند کپڑوں کا نام لیا ہے جن کا اس وقت رواج تھا یہی حکم ان تمام کپڑوں کا ہے جو مختلف زمانوں میں اور مختلف قوموں اور ملکوں میں ان مقاصد کے لیے استعمال ہوتے ہیں یا آئندہ استعمال ہوں گے جن مقاصد کے لیے قمیض، شلوار، عمامہ وغیرہ استعمال ہوتے تھے۔ زعفران تو معروف ہے، ورس بھی ایک خوشبودار رنگ کی پتی ہے۔ یہ دونوں چیزیں چونکہ خوشبو کے لیے استعمال ہوتی تھیں اس لیے حالت احرام میں ایسے کپڑے کے استعمال کی بھی ممانعت کر دئی گئی ہے جس کو زعفران یا ورس لگی ہو۔ سوال کرنے والے شخص نے پوچھا تھا کہ: مُحرم کون سے کپڑے پہنے؟ آپ ﷺ نے جوجواب میں فرمایا کہ: " فلاں فلاں کپڑے نہ پہنے "۔ اس جواب میں گویا آپ ﷺ نے اس کی بھی تلقین فرمائی کہ پوچھنے کی بات یہ نہیں ہے کہ محرم کون سے کپڑے پہنے؟ بلکہ یہ دریافت کرنا چاہئے کہ کس قسم کے کپڑنے پہننے کی اس کو ممانعت ہے، کیوں کہ احرام کا اثر یہی پڑتا ہے کہ کچھ کپڑے اور کچھ چیزیں جن کا استعمال عام حالات میں جائز ہے احرام کی وجہ سے ان کا استعمال ناجائز ہو جاتا ہے، اس لیے یہ دریافت کرنا چاہئے کہ احرام میں کن کپڑوں اور کن چیزوں کا استعمال ممنوع اور ناجائز ہو جاتا ہے۔
Top