چاشت یا اشراق کے نوافل
معاذہ عدویہ بیان کرتی ہیں کہ میں نے حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے دریافت کیا کہ رسول اللہ ﷺ چاشت کی نماز کے (کتنی) رکعت پڑھا کرتے تھے؟ انہوں نے فرمایا کہ: چار رکعتیں، اور اس سے زیادہ جتنی اللہ چاہتا۔ (صحیح مسلم)
تشریح
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کی اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب چاشت کی نماز پڑھتے تو اکثر چار رکعت پڑھتے تھے، اور کبھی کبھی اس سے زیادہ بھی پڑھتے تھے، لیکن خود حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کا معمول آٹھ رکعت پڑھنے کا تھا، اور ان کو یہ رکعتیں اتنی محبوب تھیں کہ فرماتی تھیں: لو نشر لى ابواى ما تركتها (اگر میرے والدین ماجدین پھر سے دنیا میں بھیج دئیے جائیں تو ان کی زیارت و ملاقات کی پر مسرت مشغولیت میں بھی ان رکعتوں کو نہیں چھوڑوں گی)۔