معارف الحدیث - کتاب الصلوٰۃ - حدیث نمبر 685
عَنْ مَسْرُوقٍ ، قَالَ : سَأَلْتُ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا ، عَنْ صَلاَةِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ بِاللَّيْلِ؟ فَقَالَتْ : « سَبْعٌ ، وَتِسْعٌ ، وَإِحْدَى عَشْرَةَ ، سِوَى رَكْعَتِي الفَجْرِ » (رواه البخارى)
رسول اللہ ﷺ تہجد میں کتنی رکعتیں پڑھتے تھے
مسروق تابعی سے روایت ہے کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کے بارے میں حضرت عائشہ صدیقہ ؓ سے دریافت کیا (کہ آپ ﷺ کتنی رکعتیں پڑھتے تھے) تو انہوں نے فرمایا کہ: سات اور نو اور گیارہ، سنت فجر کی دو رکعتوں کے سوا۔ (صحیح بخاری)

تشریح
حضرت عائشہ صدیقہ ؓ کے جواب کا مطلب یہ ہے کہ رسول اللہ ﷺ تہجد میں کبھی صرف سات رکعتیں پڑھتے تھے (یعنی چار رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) اور کبھی صرف نو (یعنی چھ رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) اور کبھی صرف گیارہ (یعنی آٹھ رکعت تہجد اور تین رکعات وتر) یہ تفصیل خود حضرت صدیقہ ؓ کی اس حدیث مذکور ہے جو وتر کے بیان میں سنن ابی داؤد کے حوالے سے نقل ہو چکی ہے۔
Top