معارف الحدیث - کتاب الاخلاق - حدیث نمبر 370
عَنْ ابْنِ مَسْعُودٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « إِنَّ مِمَّا أَدْرَكَ النَّاسُ مِنْ كَلاَمِ النُّبُوَّةِ ، إِذَا لَمْ تَسْتَحْيِ فَاصْنَعْ مَا شِئْتَ » (رواه البخارى)
شرم و حیا
حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اگلی نبوت کی باتوں میں سے لوگوں نے جو کچھ پایا ہے اس میں ایک یہ مقولہ بھی ہے کہ " جب تم میں شرم و حیا نہ ہو، تو پھر جو چاہو کرو "۔ (صحیح بخاری)

تشریح
انبیائے سابقین کی پوری تعلیمات اگرچہ محفوظ نہیں رہیں، لیکن ان کی کچھ سچی پکی باتیں ضربُ المثل کی طرح ایسی مقبول عام اور مشہور عام ہو گئیں کہ سینکڑوں ہزاروں برس گذرنے پر بھی وہ محفوظ اور زبان زد خلائق رہیں، اُنہیں میں سے ایک تعلیم یہ بھی ہے جو حضور ﷺ کے زمانہ تک بطورِ ضرب المثل لوگوں کی زبان پر چڑھی ہوئی تھی " إِذَا لَمْ تَسْتَحْيِ فَاصْنَعْ مَا شِئْتَ " جس کو فارسی میں کہا جاتا ہے " بے حیا باش دہرچہ خواہی کُن "۔ رسول اللہ ﷺ نے اس حدیث میں تصدیق فرمائی کہ یہ حکیمانہ اور ناصحانہ مقولہ اگلی نبوت کی تعلیمات میں سے ہے۔
Top