معارف الحدیث - کتاب الاخلاق - حدیث نمبر 300
عَنْ حَارِثَةَ ابْنِ وَهْبٍ ، قَالَ : قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ : « لَا يَدْخُلُ الْجَنَّةَ الْجَوَّاظُ وَلَا الْجَعْظَرِيُّ » (رواه ابو داؤد)
نرم مزاجی اور درشت خوئی
حارثہ بن وہب ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: کہ سخت گو اور درشت خو آدمی جنت میں نہیں جائے گا۔ (ابو داؤد)

تشریح
حدیثوں میں کبھی کبھی کسی برے عمل یا بری عادت کی برائی بیان کرنے کے لیے اور لوگوں کو اس سے بچانے کے لیے یہ اندازِ بیان بھی اختیار کیا جاتا ہے کہ " اس عمل یا عادت، والا آدمی جنت میں نہ جا سکے گا " اور مقصد صرف یہ ہوتا ہے کہ یہ عمل اور یہ عادت، شانِ ایمان کے خلاف اور جنت کے راستہ میں رکاوٹ بننے والی ہے، اس لئے جنت کے طلب گار اہلِ ایمان کو اس سے پورے اہتمام سے بچنا چاہئے۔ حارثہ بن وہب کی اس حدیث کا مقصد بھی یہی ہے کہ سخت گوئی اور درشت خوئی ایمان کے منافی اور جنت کا راستہ روکنے والی نہایت منحوس عادتیں ہیں جو کسی مسلمان میں نہ ہونی چاہئیں، اور ان ناپاک عادتوں والے لوگ سچے مومنین کی طرح اور اُن کے ساتھ جنت میں نہ جا سکیں گے۔
Top