معارف الحدیث - کتاب المناقب والفضائل - حدیث نمبر 2100
عَنْ عَائِشَةَ قَالَتْ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: يَا عَائِشَةُ هَذَا جِبْرِيلُ يَقْرَأُ عَلَيْكِ السَّلاَمَ قَالَتْ وَعَلَيْهِ السَّلاَمُ وَرَحْمَةُ اللَّهِ، قَالَتْ وَهُوَ يَرَى مَا لاَ أَرَى. (رواه البخارى ومسلم)
ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ ؓ
حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے بیان فرماتی ہیں کہ حضور ﷺ نے ارشاد فرمایا:"اے عائشہ! یہ جبرائیل ہیں جو تم کو سلام کہلوا رہے ہیں" تو میں نے عرض کیا "وَعَلَيْهِ السَّلاَمُ وَرَحْمَةُ اللَّهِ" (ان پر بھی سلام ہو اور اللہ کی رحمت) آگے حضرت عائشہؓ نے فرمایا کہ حضور ﷺ وہ دیکھتے تھے، جو ہم نہیں دیکھتے۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
حضرت خدیجہؓ کے فضائل کے بیان میں یہ حدیث گذر چکی ہے کہ حضرت جبرائیل غار حراء میں آپ ﷺ کے پاس آئے، اور آپ ﷺ سے کہا کہ خدیجہؓ کھانے پینے کا کچھ سامان لے کر آ رہی ہیں ان کو اپنے رب کا سلام پہنچائیے اور میرا ..... اور یہاں اس حدیث میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت عائشہؓ سے فرمایا کہ "یہ جبرائیل ہیں جو تم کو سلام کہلوا رہے ہیں" حضرت صدیقہؓ نے جواب میں عرض کیا "وَعَلَيْهِ السَّلاَمُ وَرَحْمَةُ اللَّهِ" ساتھ ہی یہ بھی فرمایا کہ جبرائیل کو حضور دیکھ رہے تھے،میں نہیں دیکھ رہی تھی۔
Top