معارف الحدیث - کتاب المناقب والفضائل - حدیث نمبر 2033
عَنِ ابْنِ عُمَرَ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ خَرَجَ ذَاتَ يَوْمٍ وَدَخَلَ الْمَسْجِدَ وَأَبُو بَكْرٍ وَعُمَرُ، أَحَدُهُمَا عَنْ يَمِينِهِ وَالآخَرُ عَنْ شِمَالِهِ وَهُوَ آخِذٌ بِأَيْدِيهِمَا، وَقَالَ: هَكَذَا نُبْعَثُ يَوْمَ القِيَامَةِ. (رواه الترمذى)
فضائل شیخین
حضرت بن عمر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ ایک دن باہر تشریف لائے، اور مسجد میں داخل ہوئے (اور آپ کے ساتھ) ابو بکرؓ و عمرؓ بھی تھے، ایک ان دونوں میں سے آپ ﷺ کے داہنی جانب اور دوسرے بائیں جانب اور آنحضرت ﷺ ان دونوں کے ہاتھ پکڑے ہوئے تھے (اسی حال میں) آپ ﷺ نے ارشاد فرمایا کہ ہم تینوں قیامت کے دن اسی طرح اٹھائے جائیں گے۔ (جامع ترمذی)

تشریح
حدیث کا مطلب ظاہر ہے حضور ﷺ نے لوگوں کو بتلایا کہ تم جس طرح اس وقت دیکھ رہے ہو یہ دونوں (ابو بکرؓ و عمرؓ) میرے ساتھ ہیں اور میں ان دونوں کا ہاتھ پکڑے ہوئے ہوں، قیامت کے دن ہم تینوں اسی طرح ساتھ اٹھیں گے اور ساتھ ہوں گے ..... بلاشبہ یہ ان دونوں حضرات کی خاص فضیلت ہے، اس میں کوئی اور شریک نہیں اور حضور ﷺ نے اپنے دوسرے اصحاب کو ان کی اس خصوصیت و فضیلت سے مطلع فرمانا بھی ضروری سمجھا۔
Top