معارف الحدیث - کتاب المعاملات والمعاشرت - حدیث نمبر 1666
عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ قَالَ: كَانَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ إِذَا لَبِسَ قَمِيصًا بَدَأَ بِمَيَامِنِهِ. (رواه الترمذى)
لباس میں داہنی طرف سے ابتداء حضور ﷺ کا معمول تھا
حضرت ابو ہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ جب کرتا پہنتے تو داہنی جانب سے شروع فرماتے۔ (جامع ترمذی)

تشریح
اس حدیث میں کرتے کا ذکر بطورِ مثال سمجھنا چاہئے۔ حضرت ابو ہریرہ ہی سے یہ حدیث بھی مروی ہے کہ حضور ﷺ نے ہدایت فرمائی کہ: "جب کپڑا پہنا جائے، یا وضو کیا جائے تو داہنے اعضاء سے شروع کیا جائے"۔ بائیں اعضاء کے مقابلے میں داہنے اعضاء کو جو فضیلت حاصل ہے اور اس کی جو لِمْ ہے اس کا ذکر "آدابِ طعام" کے ذیل میں کیا جا چکا ہے۔ اسی فضیلت کی وجہ سے رسول اللہ ﷺ کا معمول تھا کہ لباس میں داہنی طرف سے ابتداء فرماتے تھے، یعنی جو کپڑا پہنتے، داہنی جانب سے پہننا شروع فرماتے۔
Top