معارف الحدیث - کتاب المعاملات والمعاشرت - حدیث نمبر 1599
عَنِ بُرَيْدَةَ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ: نَهَيْتُكُمْ عَنِ الظُّرُوفِ فَإِنَّ ظَرْفًا لاَ يُحِلُّ شَيْئًا وَلاَ يُحَرِّمُهُ وَكُلُّ مُسْكِرٍ حَرَامٌ. وَفِيْ رِوَايَةٍ نَهَيْتُكُمْ عَنِ الأَشْرِبَةِ فِي ظُرُوفِ الأَدَمِ فَاشْرَبُوا فِي كُلِّ وِعَاءٍ غَيْرَ أَنْ لاَ تَشْرَبُوا مُسْكِرًا. (رواه مسلم)
شراب کے سلسلہ میں کچھ سخت ہنگامی احکام
حضرت بریدہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ: میں نے تم کو کچھ برتنوں کے استعمال سے منع کر دیا تھا (اب میں اس کی اجازت دیتا ہوں) کیوں کہ صرف برتن کی وجہ سے کوئی چیز حلال یا حرام نہیں ہو جاتی۔۔۔ (ہاں یہ ملحوظ رہے کہ) ہر نشہ آور چیز حرام ہے (لہذا اس سے بچو)۔۔۔ اور یہی حدیث اس طرح بھی روایت کی گئی ہے کہ حضور ﷺ نے فرمایا کہ "میں نے تم کو منع کیا تھا کہ چمڑے کے برتنوں (مشکیزوں) کے سوا کوئی اور برتن استعمال نہ کرو (اب اجازت دیتا ہوں کہ) ہر قسم کے برتن میں پی سکتے ہو، لیکن کوئی نشہ پیدا کرنے والی چیز ہرگز نہ پی جائے"۔ (صحیح مسلم)

تشریح
اس حدیث سے یہ بات واضح طور پر معلوم ہو گئی کہ رسول اللہ ﷺ نے شراب کی قطعی حرمت نازل ہو جانے کے بعد اس کے بارے میں کچھ زیادہ سخت احکام مذکورہ بالا مصلحت سے وقتی اور عارضی طور پر بھی دئیے تھے جو بعد میں واپس لے لئے گئے۔
Top