معارف الحدیث - کتاب المعاملات والمعاشرت - حدیث نمبر 1567
عَنْ جَابِرِ بْنِ عَبْدِ اللَّهِ أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ «نَهَى يَوْمَ خَيْبَرَ عَنْ لُحُومِ الحُمُرِالأَهْلِيَّةِ، وَرَخَّصَ فِي لُحُومِ الخَيْلِ» (رواه البخارى ومسلم)
کھانے پینے کے احکام و آداب
حضرت جابر ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فتح خیبر کے دن منع فرمایا پالتو گدھوں کا گوشت کھانے سے اور اجازت دی گھوڑوں کے گوشت کے بارے میں۔ (صحیح بخاری و صحیح مسلم)

تشریح
اس حدیث کی بناء پر اکثر ائمہ گھوڑے کے گوشت کی حلت کے قائل ہیں، امام ابو حنیفہ سے کراہت کا قول نقل کیا گیا ہے۔ غالبا اس کی بنیاد یہ ہے کہ سنن ابی داؤد اور سنن نسائی میں حضرت خالد بن ولیدؓ کی روایت سے یہ حدیث نقل کی گئی ہے کہ: أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «نَهَى عَنْ أَكْلِ لُحُومِ الْخَيْلِ، وَالْبِغَالِ، وَالْحَمِيرِ» رسول اللہ ﷺ نے گھوڑوں اور خچروں اور گدھوں کا گوشت کھانے سے منع فرمایا ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے گدھے اور خچر کے ساتھ گھوڑے کے گوشت کی بھی ممانعت فرمائی ہے۔ اگرچہ اس حدیث کی سند میں ضعف ہے لیکن امام ابو حنیفہؒ کا عام دستور یہ ہے کہ جب کسی چیز کی حلت و حرمت دلائل کی بناء پر مشتبہ ہو جائے تو وہ از راہِ احتیاط ممانعت کو ترجیح دیتے ہیں غالبا اسی لئے انہوں نے گھوڑے کے گوشت کو مکروہ قرار دیا ہے۔ اس کے علاوہ بھی ان کے کچھ دلائل ہیں لیکن فقہ حنفی کی بعض کتابوں میں یہ بھی نقل کیا گیا ہے کہ آخر میں امام ابو حنیفہ نے اس مسئلہ میں دوسرے ائمہ کے قول کی طرف رجوع فرما لیا تھا اور جواز کے قائل ہو گئے تھے۔ جیسا کہ حضرت جابر ؓ کی مندرجہ بالا حدیث سے معلوم ہوتا ہے جو صحیحین کی حدیث ہے۔ واللہ اعلم۔
Top