معارف الحدیث - کتاب المعاملات والمعاشرت - حدیث نمبر 1485
عَنْ أَنَسٍ وَ عَبْدِ اللهِ، قَالَا: قَالَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: " الْخَلْقُ عِيَالُ اللهِ، فَأَحَبُّ الْخَلْقِ إِلَى اللهِ مَنْ أَحْسَنَ إِلَى عِيَالِهِ " (رواه البيهقى فى شعب الايمان)
عام انسانوں اور مخلوقات کے ساتھ برتاؤ کے بارے میں ہدایات
حضرت انس اور حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے ارشاد فرمایا: ساری مخلوق اللہ کی عیال (گویا اس کا کنبہ) ہے اس لئے اللہ کو زیادہ محبوب اپنی مخلوق میں وہ آدمی ہے جو اللہ کی عیال (یعنی اس کی مخلوق) کے ساتھ احسان اور اچھا سلوک کرے۔ (شعب الایمان للبیہقی)

تشریح
آدمی کے "عیال" ان کو کہا جاتا ہے جن کی زندگی کی ضروریات کھانے، کپڑے وغیرہ کا وہ کفیل ہو۔ بلاشبہ اس لحاظ سئ ساری مخلوق اللہ کی "عیال" ہے، وہی سب کا پروردگار اور روزی رساں ہے۔ اس نسبت سے جو آدمی اس کی مخلوق کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے گا، اس حدیث میں فرمایا گیا ہے ک وہ اس کی محبت اور پیار کا مستحق ہو گا۔
Top