معارف الحدیث - کتاب الایمان - حدیث نمبر 9
عَن عبد الله بن مَسْعُود رَضِي الله عَنهُ قَالَ جَاءَ رجل إِلَى النَّبِي صلى الله عَلَيْهِ وَسلم فَقَالَ يَا رَسُول الله أَرَأَيْت رَجُلًا من النَّصَارَى متمسكا بِالْإِنْجِيْلِ وَرَجُلًا مِنَ الْيَهُودِ مُتَمَسِّكًا بِالتَّوْرَاةِ يُؤمِنُ بِاللَّهِ وَرَسُولِهِ ثمَّ لَمْ يَتَّبِعْكَ قَالَ رَسُولُ الله صلى الله عَلَيْهِ وَسلم مَنْ سَمِعَ بِِيْ مِنْ يَهُودِيّ أَو نَصْرَانِيّ ثمَّ لم يَتَّبِعْنِيْ فَهُوَ فِي النَّارِ (أخرجه (۱) الدَّارَقُطْنِيّ فِي الْأَفْرَاد)
اللہ کے رسول ﷺ پر جو شخص ایمان نہ لائے ، اور اُن کے لائے ہوئے دین کو اپنا دین نہ بنائے ، وہ نجات نہیں پا سکتا
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ سے روایت ہے، کہ انہوں نے بیان کیا، کہ ایک شخص رسول اللہ ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوا، اور اس نے سوال کیا، کہ "یا رسول اللہ! ایک نصرانی شخص ہے جو انجیل کے موافق عمل کرتا ہے، اور اسی طرح ایک یہودی شخص ہے، جو تورات کے احکام پر چلتا ہے، اور وہ اللہ پر اس کے رسول پر ایمان بھی رکھتا ہے، مگر اس کے باوجود وہ آپ کے دین اور آپ کی شریعت پر نہیں چلتا، تو فرمائیے کہ اس کا کیا حکم ہے؟" رسول اللہ ﷺ نے فرمایا "جس یہودی یا نصرانی نے میری بات کو سُن لیا (یعنی میری دعوت اُس تک پہنچ گئی) اور اس کے بعد بھی اس نے میری پیروی اختیار نہیں کی، تو وہ دوزخ میں جانے والا ہے"۔ (دار قطنی)

تشریح
حضرت عبداللہ بن مسعودؓ کی یہ حدیث حضرت ابو ہریرہؓ والی اوپر کی حدیث سے بھی زیادہ واضح ہے، اس میں تصریح ہے کہ اگر کوئی یہودی یا نصرانی اللہ کو اور اس کے رسول کو مانتا بھی ہو (یعنی توحید کا قائل اور رسول اللہ ﷺ کی بھی تصدیق کرتا ہو) مگر پیروی آپ کی لائی ہوئی شریعت کے بجائے تورات اور انجیل ہی کی کرتا ہو، اور اسی کو اپنی نجات کے لئے کافی سمجھتا ہو، تو وہ نجات نہیں پا سکے گا"۔ اسی حقیقت کا اعلان قرآن مجید کی اس آیت میں بھی کیا گیا ہے۔ تُحِبُّوْنَ اللّٰهَ فَاتَّبِعُوْنِيْ۠ يُحْبِبْكُمُ اللّٰهُ وَ يَغْفِرْ لَكُمْ ذُنُوْبَكُمْ (آل عمران ۳۱:۳) اے نبی (جو لوگ آپ کی شریعت کا اتباع اختیار کئے بغیر اللہ کو چاہتے ہیں، اور اس کی بخشش حاصل کر سکنے کی خام خیالی میں مبتلا ہیں، اُن سے) آپ کہہ دیجئے کہ اگر تم واقعۃً اللہ کو چاہتے ہو، تو (اس کے سوا اب اُس کا کوئی راستہ نہیں ہے کہ) میری شریعت کی پیروی اختیار کرو (اگر ایسا کرو گے، تو) اللہ تم سے محبت کرے گا، اور تمہارے گناہ بخش دے گا۔ (اور اگر تم میری پیروی اختیار نہیں کرو گے، تو اللہ کی محبت اور مغفرت کے تم مستحق نہیں ہو سکو گے)۔
Top