اللہ کے حضور میں پیشی اور اعمال کی جانچ
حضرت عائشہ صدیقہؓ سے روایت ہے کہ انہیں ایک دفعہ دوزخ کا خیال آیا ، اور وہ رونے لگیں ، رسول اللہ ﷺ نے پوچھا ، تمہیں کس چیز نے رلایا ؟ عرض کیا ، مجھےدوزخ یاد آئی ، اور اسی کے خوف نے مجھے رلایا ہے ، تو کیا آپ قیامت کے دن اپنے گھر والوں کو یاد رکھیں گے ؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا : ”تین جگہ تو کوئی کسی کو یاد نہیں کرے گا (اور کسی کی خبر نہیں لے گا) ایک وزنِ اعمال کے وقت ، جب تک کہ یہ نہ معلوم ہو جائے کہ اس کے اعمال کا وزن ہلکا ہے یا بھاری ، اور دوسرے اعمالناموں کے ملنے کے وقت جب کہ مرد مؤمن داہنے ہاتھ میں اپنا اعمال نامہ پا کر خوشی خوشی دوسرے سے کہے گا ، کہ پڑھو میرا اعمال نامہ ، یہاں تک کہ معلوم ہو جائے ، کہ کس ہاتھ میں دیا جاتا ہے اس کا اعمال نامہ ، آیا داہنے ہاتھ میں ، یا پیچھے کی جانب سے بائیں ہاتھ میں ، اور تیسرے پُل صراط پر جب کہ وہ رکھا جائے گا جہنم کے اوپر (اور حکم دیا جائے گا سب کو اس پر سے گزرنے کا) ۔ (ابو داؤد)
تشریح
رسول اللہ ﷺ کے جواب کا حاصل یہ ہوا کہ یہ تین وقت ایتے نفسا نفسی کے ہوں گے کہ ہر ایک کو صرف اپنی فکر ہو گی ، اور کوئی کسی دوسرے کی مدد نہ کر سکے گا ، ایک وزن اعمال کا وقت ، جب تک کہ نتیجہ معلوم نہ ہو جائے گا ، اور دوسرا وہ وقت جب لوگ اپنے اپنے اعمال ناموں کے منتظر ہوں گے ، اور ہر ایک اس فکر میں غرق ہو گا ، کہ اس کا اعمال نامہ داہنے ہاتھ میں دیا جاتا ہے یا بائیں ہاتھ میں دیا جاتا ہے ، وہ مغفرت اور رحمت کا مستحق قرار پاتا ہے ، یا لعنت اور عذاب کا ، اور تیسرے اس وقت جب کہ صراط کا پل جہنم پر لگا دیا جائے گا اور اس پر سے گزرنے کا حکم ہو گا ، تو یہ تین وقت ایسے نفسا نفسی کے ہوں گے کہ ہر ایک اپنی ہی فکر میں ڈوبا ہو گا ، اور کوئی کسی کی خبر نہ لے سکے گا ۔
اس حدیث کی روح اور رسول اللہ ﷺ کے اس ارشاد کا منشاء بس یہی ہے ، کہ ہر شخص آخرت کی فکر کرے ، اور کوئی کسی دوسرے کے بھروسہ نہ رہے ۔